بلغاریہ نے حال ہی میں یورو کرنسی کو اپنایا اور Schengen زون کا حصہ بنا، جو ایسے 29 ممالک کا گروپ ہے جن کی سرحدیں ایک دوسرے کے لیے کھلی ہوئی ہیں۔اس یورپی ملک نے حال ہی میں ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام متعارف کرایا ہے۔خیال رہے کہ ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔ایسے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔بلغاریہ کا یہ نیا ڈیجیٹل پروگرام غیر یورپی شہریوں کے لیے ہے جو کسی کمپنی کے لیے ورک فرام ہوم کر رہے ہوں یا فری لانسر کے طور پر سرگرم ہوں۔اس پروگرام کا حصہ بننے کے خواہشمند افراد کی سالانہ آمدنی کم از کم 31 ہزار یورو ہونا ضروری ہوگی۔اس ویزا پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد کو اپنے ملک میں بلغاریہ کے سفارتخانے سے رجوع کرکے ڈی لونگ اسٹے ویزا کے لیے اپلائی کرنا ہوگا۔اس ویزا کے تحت غیرملکی اس ملک میں جاکر رہائش کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔جب آپ بلغاریہ پہنچ جائیں گے تو آپ کو رہائشی پرمٹ کے لیے 14 دن کے اندر اپلائی کرنا ہوگا۔اس پرمٹ کے لیے درخواست گزاروں کو بلغاریہ میں قیام کا ثبوت، اپنے ملک میں قیام کے دوران جرائم سے پاک ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ، کسی دستاویز کا بلغارین زبان میں ترجمہ اور سالانہ آمدنی کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔اس کے ساتھ ساتھ درخواست گزار کو ہیلتھ انشورنس کا ثبوت بھی دینا ہوگا جو بلغاریہ میں بھی کارآمد ہو۔ڈیجیٹل نوماڈ ویزا کی مدت ایک سال ہوگی جس میں مزید ایک سال کا اضافہ ممکن ہوگا۔
