امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا میں مزید فوجی اقدامات کے لیے کانگریس کی منظوری لینا ہوگی۔ امریکی سینیٹ نے ٹرمپ کو وینزویلا میں مزید فوجی کارروائی سے روکنے کے لیے پیش کی گئی قرارداد بحث کے لیے منظور کرلی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اقدام وینزویلا کے طاقتور رہنما نکولس مادورو کی گرفتاری کے محض پانچ روز بعد سامنے آیا ہے۔
سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران 52 سینیٹرز نے قرارداد کے حق میں جبکہ 47 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
قرارداد کا مقصد صدر ٹرمپ کو کانگریس کی اجازت کے بغیر فوجی کارروائی جاری رکھنے سے روکنا ہے، تاہم اسے قانون بننے کے لیے اب بھی سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں سے مکمل منظوری درکار ہوگی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ صدر ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے پانچ سینیٹرز نے پارٹی پالیسی کے خلاف جاتے ہوئے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا، جبکہ ایک ریپبلکن سینیٹر ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ اس پیش رفت کو ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک واضح سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
