پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہر منگل یہاں آتا ہوں لیکن افسوس کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، حالات بدلنے کے لیے ملاقات کی بھیک مانگتا ہوں، 2025 گزر گیا اب تو حالات بدلنے چاہئیں۔یاد رہے کہ منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے فیملی ارکان اور وکلا کی ملاقات کا دن ہوتا ہے لیکن کچھ وقت سے حکومت نے ملاقاتوں پر پابندی عائد کررکھی ہے اور آج بھی کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔اس کے پیش نظر راولپنڈی کے داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہر منگل یہاں آتا ہوں مگر افسوس ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، حالات بدلنے کے لیے ملاقات کی بھیک مانگتا ہوں 2025 گزر گیا اب حالات بدلنے چاہئیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک اپنی جکہ لیکن مذاکرات بھی ہونے چاہئیں، حالات جیسے تقاضے کر رہے ہیں مذکرات ویسے نہیں ہو رہے، صاحب اقتدار سے درخواست کرتا ہوں کہ حالات کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دل بڑا کریں، اس ملک کے قوم کے بچوں پر رحم کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے لیے سسٹم رک گیا ہے، نہ رکتا تو روز یہاں کھڑے نہ ہوتے، عدالتی آرڈر ایس او پیز کے تحت جاری ہیں، طریقہ نکالیں جس سے حالات بہتر ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال 2 سزائیں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ہوئیں، سال 2025 میں دشمن کے ساتھ سیز فائر ہوا لیکن ہمارا آپس کا تناؤ ختم نہیں ہوا، افسوس کے ساتھ 2026 میں داخل ہو رہے ہیں اور لگتا ہے یہ سال بھی سزاؤں کا سال ہوگا۔
