32.1 C
Islamabad

سال نو کا پیغام،جنگوں کی بجائے امن پر سرمایہ کاری

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نئے سال کی آمد پر عالمی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگوں کے بجائے امن اور غربت کے خاتمے پر سرمایہ کاری کریں۔

سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ سب مل کر انصاف، انسانیت اور امن کے لیے کام کرنے کی ہمت پیدا کریں۔ آج دنیا دوراہے پر کھڑی ہے اور ہر طرف انتشار اور بے یقینی ہے۔ کہیں تقسیم ہے، کہیں تشدد، کہیں موسمیاتی تباہی اور کہیں بین الاقوامی قانون کی منظم خلاف ورزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں ان اصولوں سے عمومی پسپائی نظر آتی ہے جو سب کو ایک انسانی خاندان کے طور پر جوڑتے ہیں۔ آج لوگ یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا ان کے رہنما واقعی سن بھی رہے ہیں؟ کیا وہ کچھ کرنے پر آمادہ بھی ہیں؟

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ اس وقت عالمی عسکری اخراجات 2.7 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہے۔ یہ رقم مجموعی ترقیاتی امداد سے 13 گنا زیادہ اور پورے افریقہ کی مجموعی قومی پیداوار کے برابر ہے۔

یہ سب کچھ ایسے وقت ہو رہا ہے جب دنیا بھر میں تنازعات اس قدر شدت سے جاری ہیں جس کا مشاہدہ دوسری عالمی جنگ کے بعد کبھی نہیں ہوا تھا۔

انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ نئے سال کی آمد پر دنیا کو اپنی ترجیحات درست کرنا ہوں گی۔ تاکہ امن غالب آئے۔ غربت کے خلاف جدوجہد میں سرمایہ کاری بڑھانا ہو گی اور جنگوں پر اخراجات گھٹانا ہوں گے۔ یہ بات واضح ہے کہ دنیا کے پاس ایسے وسائل موجود ہیں جن کے ذریعے زندگی کے حالات بہتر بنائے جا سکتے ہیں، کرہ ارض کے مسائل دور کیے جا سکتے ہیں اور امن و انصاف پر مبنی مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین