عالمی بینک کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دی، اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے 540 ملین ڈالر کے دو منصوبوں کی منظوری دی جب کہ ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 40 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دی۔جمعے کو ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 540 ملین ڈالر کے دو منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں ایک رزلٹ بیسڈ لون پروگرام اور سندھ میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق بڑا منصوبہ شامل ہے۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ 400 ملین ڈالر کا رزلٹ بیسڈ لون پروگرام سرکاری اداروں کی گورننس اور کارکردگی بہتر بنانے پر فوکس کرے گا۔ اس پروگرام میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی ری اسٹرکچرنگ اور کمرشلائزیشن بھی شامل ہے۔اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال میں اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز (ایس او ایز) کی اصلاحات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ 2023 میں ایس او ایز ایکٹ اور پالیسی کا نفاذ اہم سنگِ میل رہا۔ بینک کے مطابق اصلاحاتی عمل کے نفاذ کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ 140 ملین ڈالر سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پروجیکٹ کے لیے منظور کیے گئے ہیں، جس سے پانچ لاکھ افراد براہِ راست مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے تحت 1 لاکھ 50 ہزار ہیکٹر زرعی زمین کو سیلابی خطرات سے تحفظ ملے گا اور 22 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔اے ڈی بی کے مطابق یہ منصوبہ غذائی تحفظ، حیاتیاتی تنوع اور مجموعی ماحولیاتی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کے لیے گرین کلائمٹ فنڈ کی 20 ملین ڈالر گرانٹ اور 20 ملین ڈالر کنسیشنل لون کے ذریعے کوـفنانسنگ بھی کی جائے گی۔
