راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 20 خوارج جہنم واصل کر دیئے۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی 8ا ور 9 نومبر کو صوبہ خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 20 خوارج مارے گئے۔
خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے گھیرائو کیا اور 8 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا ۔انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن ضلع درہ آدم خیل میں کیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 12خوارج کو مؤثر طریقے سے بے اثر کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے وژن ’’عزم استحکام ‘‘کے تحت انسداد دہشت گردی مہم کے طور پر علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے ہندوستانی حمایت یافتہ خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹیشن کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جو کہ دہشت گردی کے ملکی اور غیر ملکی حامیوں کو ختم کرنے کیلئے پوری رفتار سے جاری رہیں گے۔
