
اسلام آباد: 7 نومبر 2025۔ ڈیوسِنک (Devsinc) کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عثمان عاصف کو فوربز بزنس کونسل (Forbes Business Council) کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ دنیا کے بااثر ترین پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے جو نمایاں کاروباری شخصیات، صنعت کے رہنماؤں اور کامیاب ماہرین کو یکجا کرتا ہے۔
دنیا بھر سے فوربز بزنس کونسل کے 900 سے زائد اراکین میں صرف 11 پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں، جن میں سے محض چار کا تعلق آئی ٹی شعبے سے ہے۔ عثمان عاصف کی شمولیت نہ صرف ڈیوسِنک کے عالمی مقام کی عکاسی کرتی ہے بلکہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی لیڈرشپ کے عالمی اعتراف کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
فوربز بزنس کونسل میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر عثمان عاصف کا کہنا تھا کہ، “فوربز بزنس کونسل پاکستان کی ٹیکنالوجی اور اختراعات کے شعبے میں عالمی سطح پر موجود امکانات کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ ہم اس فورم کے ذریعے نئے مواقع، تعاون اور ترقی کے مزید راستے کھولنے کے خواہاں ہیں۔”
فوربز بزنس کونسل دنیا بھر کے اُن منتخب رہنماؤں کا نیٹ ورک ہے جو کاروبار اور جدت کے مستقبل کو تشکیل دے رہے ہیں۔ اس کونسل کی رکنیت صرف اُن افراد کو دی جاتی ہے جو پیشہ ورانہ کارکردگی، صنعت پر اثرات، اور قائدانہ صلاحیتوں کے سخت معیار پر پورا اترتے ہیں۔ کونسل کے اراکین میں ہائی گروتھ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، اور مشاورتی اداروں کے بانیان، سی ای اوز اور جدت پسند رہنما شامل ہیں جو عالمی منڈیوں اور پالیسی مباحث پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔
