اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہونہار طلبہ وطالبات کے لئے لیپ ٹاپ سکیم 2025 ءکا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اے آئی، آئی ٹی، جدید مہارت اورٹیکنالوجیز دنیا میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کے نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے،سعودی ویژن 2030ء اور فیفا ورلڈ کپ کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت سعودی عرب بھجوائیں گے،سعودی عرب کے معاشی پیکج پر عملدرآمد سے پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی۔طلبہ وطالبات کے لیے جتنے بھی وسائل خرچ کرنا پڑے کریں گے۔قوم کے عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیم، ہنر اور ان کو عظیم پاکستانی بنانے کے لیے 50 ارب تو کیا 500 ارب بھی خرچ ہو جائیں تو کوئی پرواہ نہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2025ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب لیپ ٹاپ سے بات بہت آگے چلی گئی ہے آج اے آئی، آئی ٹی، جدید مہارت اورٹیکنالوجییز دنیا میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں،سعودی عرب اے آئی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے اور اس نے اربوں ڈالر کا روڈ میپ اور انفراسٹرکچر بنایا ہے،سعودی عرب نے پاکستان نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے ایک نیا راستہ کھلا ہے، سعودی عرب اور پاکستان دو عظیم برادر ملک ہیں ،وہ کہتے ہیں کہ ہمارا جو کچھ ہے وہ پاکستان کے کروڑوں بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہے ۔ سعودی عرب پاکستان کے لیے سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہے،
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی اور ایڑی چوٹی کا زور لگا کرہزاروں لاکھوں ہنر مند بچے اور بچیوں کو سعودی عرب بھجوائیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلباء و طالبات نے دن رات محنت کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ نوجوان ذاکر اللہ نے بہت خوبصورت اردو اور عربی میں بات کی میں عربی بولنے میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہاں پر قوم کے ایک شہید کے بیٹے سٹیج پہ آئے ان کے والد نے قوم کے بچوں اور بچیوں کو یتیم ہونے سے بچانے کےلئے اپنا خون پاکستان کو دیا اور جام شہادت نوش کیا، شہید نے اپنے بیٹے کو یتیم کر دیا لیکن قوم کے لاکھوں کروڑوں بیٹوں اور بیٹیوں کو یتیم ہونے سے بچایا ،یہ جذبہ شہادت ،جرات، محنت امانت اور دیانت کا سفر ہے۔وزیراعظم نے لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب کو کامیاب بنانے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے بارے میں نوجوانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کوسراہا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ایم فل کرنے والے طالب علم ذاکر اللہ نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ میرے لیے کافی معاون ثابت ہوا ہے، لیپ ٹاپ سکیم نوجوانوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔یہ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں بلکہ زندگی بدلنے والی ڈیوائس ہے۔بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم کامران خان نے کہا کہ ہم سات بہن بھائی ہیں اور الحمدللہ سب تعلیم حاصل کر رہے ہیں پاکستان سے محبت اور ملک و قوم کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے اور یہ سبق میں نے اپنے والد سے سیکھا ہے، میرے والد بلوچستان پولیس میں اے ایس آئی ہیں اور وہ اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہمیشہ فرنٹ لائن پر تیار رہتے ہیں، انہیں پولیس یونیفارم میں دیکھ کر بچپن ہی سے یہ ارادہ کر لیا تھا کہ میں بھی سی ایس ایس کر کے اپنے ملک کی خدمت کروں گا اور اپنے ملک کا محافظ بنوں گا، ہمارے گھر کے وسائل محدود تھے لیکن خواب بڑے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں تک وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کا پہنچنا کسی معجزے سے کم نہیں لیکن جذبہ سچا ہو تو اللہ تعالی کی مدد آپ تک پہنچ جاتی ہے، میری 90 فیصد پڑھائی اس لیپ ٹاپ کی مدد سے ہی ہوتی ہے اس کے علاوہ یہ لیپ ٹاپ صرف تعلیمی مقاصد کے لیے ہی نہیں ہے اس نے میرے کریئر میں بھی بہت مدد کی، اس کی مدد سے خود کو مالی طور پر خود مختاربنایا ۔
شہید والد کے مشن کو پورا کرنے میں وزیراعظم شہباز شریف نے میرا ساتھ دیا ہے، لیپ ٹاپ سکیم نے تعلیم کے حصول میں سہولت فراہم کی،مجھے لیپ ٹاپ مکمل طور پر میرٹ پہ ملا۔ ائر یونیورسٹی کی طالبہ عرشیہ گل نے کہا کہ یہ انتہائی اہم سکیم ہے ،اسے جاری رہنا چاہیئے۔یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کی طالبات سمیہ ضیاء اور عائشہ ضیاء نے بھی وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تعریف کی اور اسے ہونہار طلبہ و طالبات کے لیےتاریخی اقدام قرار دیا۔تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہونہار طلباء و طلبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے لیپ ٹاپ لینے والے ہونہار طلبہ و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی۔




