راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم کے علاقے دوگر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کے دوران سات بھارتی حمایت یافتہ خوارج جہنم واصلِ کر دیئے ، فائرنگ کے شدید تبادلے میں میڈیکل آفیسر کیپٹن سمیت پاک فوج کے 6 جوان شہید ہو گئے۔ بدھ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم کے علاقے دوگر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی جہاں بھارتی آلہ کار تنظیم ’’فتنہ الخوارج‘‘ سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں سات بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصلِ جہنم کر دیئے گئےتاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن نعمان سلیم (عمر 24 سال، ضلع میانوالی )نےبہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا ،وہ ایک بہادر اورنوجوان میڈیکل آفیسر تھےجنہوں نے میڈیکل خدمات کے ساتھ ساتھ بہادری سے مادر وطن پر جان قربان کی، ان کے ساتھ شہادت پانے والے پانچ جوانوں میں حوالدار امجد علی (عمر: 39 سال، ضلع صوابی)، نائیک وقاص احمد (عمر: 36 سال، ضلع راولپنڈی)، سپاہی اعجاز علی (عمر: 23 سال، ضلع شکارپور)، سپاہی محمد ولید (عمر: 23 سال، ضلع جہلم) اور سپاہی محمد شہباز (عمر: 32 سال، ضلع خیرپور) شامل ہیں۔
علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کے وژن’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
