لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، مثبت خارجہ پالیسی کی بدولت سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہئے، نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پنجاب پیڈل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ پہلی پنجاب پیڈل چیمپئن شپ 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت صرف اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کی ہے۔ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کو مزید سہولیات فراہم کریں، اس حوالے سے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کی ہیں اور اسلام آباد سپر مارکیٹ میں پیڈل کورٹس بنائے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے کھیل کے شعبے میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہئے، نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیڈل کو ملک کے اندر مقام مل رہا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پیڈل کی پروموشن کیلئے کام کرنا چاہیے اور نوجوانوں کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔
اس سلسلے میں نجی شعبے کو کھیلوں کے فروغ کیلئے آگے آنا چاہیے، دیہات کی سطح پر بھی پیڈل کورٹس بننے چاہئیں تاکہ کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، مسلح افواج نے ہمیشہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت ملکی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے جس کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، کامیاب سفارت کاری کی بدولت پاکستان کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اورہمارے اقوام عالم سے تعلقات میں بہتری آئی ہے، صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ہے، حکومت کی مثبت خارجہ پالیسی کی بدولت سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورہ پر سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں، اس دورہ میں سعودی عرب کے ساتھ تجارت،سرمایہ کاری،انسانی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے بارے میں بات ہو گی، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔