اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد کشمیر سے متعلق
عملدرآمد اور نگرانی کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ظفر حسن ،چیف سیکرٹری اے جے کے خوشحال خان اور ایکشن کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
وزیر امور کشمیر نے کہا کہ اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا بغور جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو معاہدے پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نگرانی و عملدرآمد کمیٹی کا آئندہ اجلاس 15 نومبر تک مظفرآباد میں منعقد ہوگا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف آزاد کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں, عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
