اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری و سابق سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی خالد چوہدری، بلیو ایریا کے صدر راجہ یوسف راجپوت، سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی، میلوڈی مارکیٹ کے صدر اظہر اقبال، ستارہ مارکیٹ کے صدر سید الطاف حسین شاہ، جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، جی ٹین مرکز کے صدر کامران کاکا خیل، کراچی کمپنی کے صدر راجہ ذوالفقار، جی ٹین فور کے صدر چوہدری ظفر گجر ، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان، آئی ایٹ مرکز کے صدر چوہدری وحید چیمہ، آٹو مارکیٹ کے صدر محمد حسین، بھارہ کہو سملی ڈیم کے صدر راجہ زاہد دھنیال اور آبپارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی نے کہا ہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے اسلام آباد کی مارکیٹیں ترقیاتی کاموں سے محروم ہیں سیوریج سسٹم بیٹھ چکا ہے۔لوگ سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ سٹریٹ لائیٹں جگہ جگہ بند پڑی ہیں۔ فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔سی ڈی اے پچھلے ساٹھ سالوں سے پینے کے لئے صاف پانی شہریوں کو مہیا نہ کرسکا ہے۔۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں سے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے مارکیٹوں نے مکمل تعاون کیا ہے اب سی ڈی اے کو چاہئیے کہ مارکیٹوں کو کھنڈرات میں تبدیل ہونے سے قبل ہی ترقیاتی کام کرائے۔ اسلام آباد کی کئی مارکیٹیں شہر سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ میگا پراجیکٹ بہت ہو چکے ہیں پلاٹ بیچ کر اور پراپرٹی ٹیکس سے فنڈز کی سی ڈی اے کو کوئی کمی نہیں اس لئے مارکیٹوں میں ترقیاتی کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اور مارکیٹوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈیشن کرائی جائے۔
