اب تاجر برادری ایران کے ساتھ زیادہ آسانی اور اعتماد کے ساتھ کاروبار کر سکتی ہے
اسلام آباد: صدر کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد ایوب خان مریانی نے کہا ہے کہ وزارتِ تجارت کی
طرف سے 57 آئٹمز کو سرٹیفیکیٹ آف اوریجن (COO) کی شرط سے استثنیٰ دینا ایک بڑی کامیابی ہے،ہم نے 37 مزید آئٹمز کی فہرست بھی وزارتِ تجارت کو فراہم کی ہے جس پر جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زوم لنک کے ذریعے ممبر کسٹمز پالیسی اشد جواد کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کے دوران کیا۔ یہ اجلاس SIFC کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ فالو اَپ ملاقات کا تسلسل تھا جس میں ایران کے ساتھ تجارت کے لیے الیکٹرانک امپورٹ فارم (EIF) کی چھوٹ اور سرٹیفکیٹ آف اوریجن (COO) سے استثنیٰ پر بات ہوئی۔
اجلاس میں چیف کلیکٹر کسٹمز اپریزمنٹ بلوچستان عرفان جاوید، کلیکٹر کسٹمز اپریزمنٹ کوئٹہ جمیل بلوچ, سٹیٹ بینک آف پاکستان سے یاسراور وزارتِ تجارت سے زبیر خان بھی شریک تھے۔صدر محمد ایوب مریانی نے اس مثبت پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب تاجر برادری ایران کے ساتھ زیادہ آسانی اور اعتماد کے ساتھ کاروبار کر سکتی ہے۔
