اسلام آباد: پاکستان اور مصر نے میری ٹائم اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد مشترکہ منصوبوں کو وسعت دینا اور اپنی سمندری معیشتوں کو فروغ دینا ہے۔یہ مفاہمت بدھ کو وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبد الحمید حسن کے درمیان ملاقات کے دوران طے پائی ۔ ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے اقتصادی اور سمندری تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم پر زور دیا، بندرگاہ کی ترقی، جہاز رانی، لاجسٹکس اور صنعتی منصوبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا، بات چیت میں سمندری معیشت کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کی گئی جسے پائیدار ترقی اور علاقائی تجارت کیلئے کلیدی انجن کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر جنیدانور چوہدری نے کہا کہ پاکستان سڑکوں، ریلوے اور سمندری راستوں کے نیٹ ورک کے ذریعے علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وسطی ایشیائی ریاستوں اور مشرقی افریقی ممالک کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور ہم مصر کے ساتھ بحری رابطوں کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔ پاکستان کے وسیع تر اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کا خاکہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت کو فروغ دینے کیلئے افریقہ، وسطی ایشیا اور مصر میں پاکستان ہائوسزکے قیام کی تجویز پیش کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے دوسرے ممالک سے بھی اسی طرح کے مراکز کا خیرمقدم کرے گا۔
