راولپنڈی۔15اکتوبر (اے پی پی):پاک فوج نے نوشکی سیکٹر میں افغانستان کو بھرپور جواب دیتے ہوئے غزنالی پوسٹ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان فورسز کی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کی گئی۔افغانستان کی حدود میں تین کلومیٹر اندر واقع غزنالی پوسٹ تباہ کی گئی ، افغان طالبان فوجی جوابی حملے میں غزنالی پوسٹ اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پاک فوج کی مؤثر کارروائیوں سے اب تک سرحد پار طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو چکے ہیں۔ پاک فوج نے 21 افغان طالبان پوسٹیں عارضی طور پر قبضے میں لیں جبکہ دہشت گردوں کے کئی تربیتی کیمپ ناکارہ بنائے۔ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق 200 سے زائد طالبان اور ان کے معاون دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔پاک فوج کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

