کوئٹہ: کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ایوب مریانی نے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کے دورہ
پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان میں توانائی، تعمیرات، ٹورازم، زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
چیمبر کے صدر ایوب مریانی نے کہا کہ پاکستان کے تاجر اور سرمایہ کار سعودی وفد کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ نجی شعبے کو اس عمل میں فعال طور پر شامل کرے تاکہ عملی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کی دلچسپی پاکستان کے اعتماد میں اضافے کا مظہر ہے۔ اگر حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پالیسی تسلسل، شفافیت اور سہولیات فراہم کرے تو بیرونی سرمایہ کاری کے حجم میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
