اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری و سابق سینیٹر نائب صدر آئی سی سی، خالد چوہدری ، آئی ایٹ مرکز کے صدر چوہدری وحید چیمہ، سپر مارکیٹ کے صدر
شہزاد عباسی، ایف ٹین مرکز صدر شہزاد عباسی، ستارہ مارکیٹ کے صدر الطاف شاہ، ایف ٹین کے صدر احمد خان، جی الیون مرکز کے صدر نعیم اعوان، جی ٹین مرکز کے صدر کامران کا کا خیل، جی ٹین فور کے صدر چو ہدری ظفر گجر اور آب پارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میں گذشتہ روز کسی بھی جگہ احتجاج نہیں تھا۔ لاک ڈاون کر کے جڑواں شہروں کے رہا ئشیوں کو قید کر دیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری سخت پریشان ہیں۔ دو دن سے سڑکیں بند ہونے سے مارکیٹوں میں کوئی گاہک نہ ہے اور کروڑوں روپے کا معاشی نقصان ہو رہا ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں سبزی، فروٹ اور اشیاءضروریہ کی قلت پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹماٹر ہول سیل میں چھ سو روپے کلو ہے جبکہ مارکیٹ کمیٹی کی پرائس لسٹ میں ایک سو چالیس روپے مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت اسلام آباد راولپنڈی کے شہریوں کا مزید امتحان نہ لے فوری طور پر بند راستے کھولے اور امن و امان قائم کرے، اسلام آباد راولپنڈی میں احتجاج کا نام و نشان تک نہ ہے لیکن دونوں شہر کی آمدورفت مکمل بند ہے۔
