اسلام آباد :وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب نے ترقی کی جو مثال قائم کی وہ دنیا کیلئے قابل تقلید مثال ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے اقتصادی، تزویراتی، دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور متعلقہ اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات کو ریاض و جدہ میں ان سے کی گئی اپنی گزشتہ ملاقاتوں کی طرح خوشگوار قرار دیا۔ وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور ان کی صحت و تندرستی کیلئے دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا سعودی عرب کی ترقی کا وژن قابل تعریف ہے، ان کی قیادت میں سعودی عرب نے ہر شعبے میں کمال ترقی کی مثال قائم کی ہے جو دنیا کے باقی ممالک کیلئے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے اقتصادی اور سماجی شعبے کی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مثالی اقدامات کئے ہیں۔
