باکو : آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے کہا ہے کہ آذربائیجان پاکستان کا مخلص، قریبی اور قابلِ اعتماد دوست ملک ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، توانائی، تعمیرات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان-پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر پرتکلف عشائیے کے موقع پر کیا۔
وفد میں چیمبر کے صدر وقار بختاوری، چیئرمین ظفر بختاوری، اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد اویس ستی، تلہ گنگ چیمبر آف کامرس کے صدر ملک شبیر اعوان، گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ناصر حسین راکی, آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ملک محسن خالد ،روحیل انور بٹ ، ملک عبدالعزیز،,عمر خیام ،شمائلہ صدیقی ، عابد بختاوری ،حارث بختاوری ،اسد عزیز ، یوسف راجپوت ،فاطمہ حسن سمیت دیگر ممتاز کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
اس موقع پر آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
سفیر قاسم محی الدین نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین فارماسیوٹیکل اور آئی ٹی سیکٹرز میں تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کا آذربائیجان میں خیرمقدم کیا جاتا ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
چیمبر کے صدر وقار بختاوری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفد باکو میں منعقدہ حلال بزنس فورم میں شرکت کے لیے آیا ہے، اور اس موقع کو آذربائیجان میں سرمایہ کاری اور کاروباری امکانات کے جائزے کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین ظفر بختاوری نے کہا کہ اس نوعیت کے دورے اور وفود کا تبادلہ نہ صرف تجارتی تعلقات کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ عوامی دوستی، ثقافتی روابط اور باہمی اعتماد کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس باہمی روابط کے مستقل فریم ورک کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں۔

باکو: آزر بائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین کی جانب سے آذر بائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر اف کامرس ایند انڈسٹری کے صدر وقار بختاوری کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر دئیے گئے عشائیے کے موقع پر ظفر بختاوری ،اویس ستی ،ملک شبیر اعوان ،جوہر علی راکی ،محسن خالد ،روحیل انور بٹ ، عمر خیام ، شمائلہ صدیقی ،ملک عبدالعزیز ،عابد بختاوری ،اسد عزیز ، یوسف راجپوت ،حارث بختاوری ،فاطمہ حسن ودیگر کا ان کے ساتھ گروپ فوٹو
