لاہور: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور صدر جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدے ، مشرق وسطیٰ اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسے سراہا اور کہا کہ پاکستان کو حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت نصیب ہونا قابل مسرت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور غزہ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ گفتگو میں غزہ میں مستقل امن اور پاکستان کے امن کی کوششوں میں اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کیلئے نہ صرف ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہا ہے بلکہ آئندہ بھی انکا ساتھ دیتا رہے گا۔
گفتگو میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے حماس کے بیان کو خطے میں امن کی راہ ہموار کرنے اور فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا نادر موقع قرار دیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی سے معصوم و نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی روک تھام اور فلسطینی ریاست کے قیام کا دیرینہ خواب پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن خطے کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
