کویت: رپورٹ: محمد عمر، میڈیا کوریج؛ عمران ظفر
چئیرمین بورڈ آف گورنرز اوور سیز پاکستانیز فاونڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا نے کویت کا سرکاری دورہ کیا۔ ’پاکستانی بزنس کمیونٹی ان کویت‘ کے چئیرمین شمشاد احمد خان تنولی نے ملینیم ہوٹل میں سید قمر رضا کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین بورڈ آف گورنرز او پی ایف نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، وہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی طرف سے بھیجی جانے والی سالانہ رقوم کا حجم 7 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔
انہوں نے دنیا بھر میں مقیم تارکین وطن کو یہ پیغام دیا کہ ان کا مشن پاکستان کی خدمت کرنے والے تارکین وطن کی خدمت کرنا ہے، وہ ساتوں دن 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت ان کو کال کر سکتے ہیں، وہ لازمی طور پر جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کا یہ مسئلہ رہا ہے کہ پاکستان میں ان کی جائیدادوں پر قبضہ کر لیا جاتا ہے، پھر ان کی زندگی عدالتوں کے چکر کاٹتے گذر جاتی ہے۔ اب حکومت پاکستان نے ایک نیا قانون منظور کر لیا ہے جس کے تحت اسلام آباد اور لاہور میں خصوصی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں اور باقی صوبوں میں یہ عدالتیں جلد قائم کر دی جائیں گی ۔ یہ عدالتیں 90 روز میں فیصلہ سنانے کی پابند ہونگی، ان کے فیصلوں کے خلاف صرف ایک اپیل ہائیکورٹ میں کی جا سکے گی اپیل پر فیصلہ بھی 90 روز میں کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیز، وطن واپسی پر بغیر ڈیوٹی ادا کئے موبائل فون لے جاسکتے ہیں اور تین ماہ تک کوئی فیس ادا کئے بغیر لائن استعمال کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کے بچوں کیلئے میڈیکل کالجز، انجینئرنگ یونیورسٹیز اور دیگر اعلی تعلیم کے اداروں میں نشستیں مختص ہیں۔
انہوں نے سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال کو کویت میں پہلی پاکستان کویت ٹیک کانفرنس کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
کویت میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کویت ٹیک کانفرنس، ایک ہماری پوری ٹیم کی کاوش تھی۔ اس کی کامیابی میں سفارتخانہ کے تمام افسران کی محنت، کوشش اور توجہ شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بڑی متحرک اور سخت محنت کرنے والی ہے۔ اگرچہ یہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا صرف ایک فیصد ہیں لیکن ان کی طرف سے ہر سال بھیجی جانے والی رقوم مجموعی ترسیلات کا 3 فیصد ہیں۔ وہ جب بھی کسی حکومتی عہدیدار سے ملتے ہیں تو وہ پاکستانیوں کی تعریفیں شروع کر دیتے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور نے خطاب کرتے ہوئے اوور سیز پاکستانیوں کیلئے سید قمر رضا کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے میزبان شمشاد خان تنولی نے ابتدائی کلمات میں مہمان خصوصی سید قمر رضا، سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال، مہمان اعزاز چوہدری عبدالغفور، سفارت خانہ کے افسران اور تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور یہ دعوت قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سفیر پاکستان کو ٹیک کانفرنس کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
سید قمر رضا، چوہدری عبدالغفور اور سفیر پاکستان کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں، کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت عبدالحسیب نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم حکیم طارق محمود صدیقی نے پیش کی۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر حافظ حفیظ الرحمن نے کویت اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کرائی۔ شرکاءکیلئے پرتکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

