لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ سی پیک کی طرز پر پاک سعودی اقتصادی راہداری شروع کی جائے تاکہ حالیہ تاریخی دفاعی معاہدے کو مزید تقویت مل سکے۔ بدھ کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی اقتصادی تبدیلیوں کا تقاضا ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعاون کو منظم اقتصادی راہداریوں میں وسعت دیں تاکہ باہمی تحفظ، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حالیہ معاہدے کے ساتھ ساتھ اقتصادی راہداری کے اجراسے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور انہیں کثیر جہتی بنایا جا سکے گا۔
جس طرح سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے منظر نامے کو تبدیل کر دیا ہے، اسی طرح پاک سعودی اقتصادی راہداری جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے درمیان ترقی، استحکام اور انضمام کی ایک نئی لہر لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی اقتصادی راہداری کا بروقت قیام اقتصادی اور تزویراتی تعاون اور شراکت داری کو یقینی بنائے گا۔ اس سے قابل تجدید توانائی، پیٹرو کیمیکلز، کان کنی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مشترکہ منصوبوں کے لیے راستے کھلیں گے اور پاکستان اپنے جیو اسٹریٹجک محل وقوع، افرادی قوت، اور فروغ پذیر مارکیٹ کی صلاحیت کے ساتھ سعودی عرب کے ویژن 2030 اور ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کر سکتا ہے۔
