فیصل آباد:شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اور کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیدز محکمہ زراعت نے پلاسٹک ٹنل کے کاشتکاروں کو سبزیوں کو بیماریوں سے بچائوکےلئے بروقت اقدامات کرنےکی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کو اکھیڑا، روئیں دار پھپھوند، سفوفی پھپھوند،مرجھاؤ، اگیتا، پچھتا جھلساؤ، بلاسم اینڈ راٹ جیسی بیماریوں کے تدارک اور انسداد کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ سبزیوں کی کاشت سے لے کر ان کی برداشت تک کے مراحل میں مذکورہ بیماریاں کسی بھی وقت ان پر حملہ آور ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سبزیوں پر اکھیڑے کے حملہ کی صورت میں جس زمین پر اس بیماری کا حملہ ہو اس میں دو تین سال تک یہ فصل کا شت نہ کی جائے اور جون میں متاثرہ زمین میں ہل چلا کر اسے کھلا چھوڑ دیاجائے اور بعد ازاں سبزیوں کے بیج کو موزوں زہر لگا کر کاشت کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ روئیں دار پھپھوند کاحملہ شروع ہونے سے قبل اس کا تدارک انتہائی مشکل ہوتاہے لہٰذا کاشتکار ٹنل میں درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کرتے ہوئے پھپھوند کش زہر کا سپرے کریں۔
بلاسم اینڈ راٹ کی بیماری بارے انہوں نے بتایاکہ یہ بیماری کیلشیم کی کمی اور نائٹروجن کھاد کی زیادتی سے پیداہوتی ہے اس لئے کھاد کی مناسب مقدار استعمال کرنے سے پنیری لگاتے وقت جڑوں کو زخمی ہونے سے بچایا جائے۔ انہوں نے سفید مولڈ بارے بتایاکہ اس بیماری سے بچنے کےلئے زمین کو زیادہ نمدار نہ رکھیں اور فصلوں کے مناسب ادل بدل سمیت پھپھوند کش زہر کااستعمال اس طرح کیاجائے کہ پودے کے ساتھ ساتھ دوائی زمین پر بھی گرے۔
