لاہور۔:وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری کی طرف سے جاری پانچ سالہ میری ٹائم افیئرز ایکشن پلان سے گوادر کو علاقائی تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ اتوار کو یہاں ندا اعجاز کی قیادت میں بزنس ویمن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے اور اس کا مقصد چین کے ساتھ سمندری تعاون اور افغانستان، وسطی ایشیا، مشرق وسطی اور افریقہ کے ساتھ اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہے۔
بنیادی ڈھانچے کی ترقی اس فریم ورک کی بنیاد ہے، جس میں گوادر پورٹ کی توسیع، فری زون کے دوسرے مرحلے کی تکمیل اور ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز2 پر کام کی رفتار کو تیز کرنا شامل ہے۔ بندرگاہ کے ساتھ ہوائی اڈے کا انضمام بھی اس کا ایک اہم حصہ ہے تاکہ ملٹی ماڈل ٹرانزٹ اور ریجنل لاجسٹکس کو سپورٹ کیا جا سکے۔ منصوبے کے تحت گوادر کو چینی اور بین الاقوامی شپنگ نیٹ ورکس کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج سسٹم اور سمارٹ پورٹ ٹیکنالوجیز کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔
فریم ورک میں سائنسی تعاون، صنعتی ترقی اور سمندری سیاحت کے لیے اقدامات بھی شامل ہیں۔ مجوزہ منصوبوں میں مشترکہ میرین سائنس ریسرچ سینٹرز، ماہی گیری، جہاز سازی، آبی زراعت، انڈسٹریل پارکس اور بلوچستان کے ساحل کے ساتھ سیاحتی منصوبے شامل ہیں جبکہ تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت مینجمنٹ، اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعلیمی شراکت داری، ہنر مندی کے تبادلے اور تربیت کے پروگرام شامل ہیں۔
