اسلام آباد :پاور ڈویژن نےسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی پر 28 ستمبر تک کی رپورٹ جاری کر دی،مجموعی طور پر 51 گرڈ اور 588 فیڈرز متاثر ہوئے، 396 فیڈر مکمل اور 189 کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔اتوار کو پاور ڈویژن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق فیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 28 گرڈ اور 81 فیڈرز متاثر ہوئے، متاثرہ فیڈرز میں 71 مکمل اور 10 جزوی طور پر بحال کردئیے گئے۔
فیسکو کے 805 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام تقریباََ 28 ستمبر تک مکمل کرنے کی توقع ہے، فیسکو کے زیرِ انتظام علاقے فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور میاں والی میں بجلی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا۔رپورٹ پاور ڈویژن کے مطابق لیسکو کے 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 66 مکمل اور 1 جزوی طور پر بحال ہوچکے ہیں۔لیسکو کے 441 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام تقریباََ 29 ستمبر تک مکمل کرنے کی توقع ہے ۔
گیپکو کے 16 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی بحالی کا کام سیلاب کا پانی اترنے پر مکمل کر لیا جائے گا۔ پیسکو کے 88 فیڈرز مکمل اور 3 جزوی طور پر بحال کردئیے گئے ہیں،پیسکو کے زیرِ انتظام علاقے سوات، صوابی اور ڈی آئی خان میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔پاور ڈویژن کے مطابق ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر کے 18 متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال اور ہیزیکو کے زیرِ انتظام علاقے مانسہرہ کے 3 متاثرہ فیڈر مکمل طور پر بحال کر دئیے ہیں۔سیپکو کے زیرِ انتظام علاقے کے 44 متاثرہ فیڈر عارضی طور پر بحال کر دیا گیا۔
