سیالکوٹ :سیالکوٹ کے گاؤں ساہو والی میں دیہی عورتوں کو جمہوری عمل میں بااختیار بنانے کے لیے قانونی شناخت کی اہمیت کے بارے میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سورج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی صدر طلعت زاہد نے کہا کہ خواتین کو انتخابات میں بھرپور طریقے سے رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے کیونکہ وہ ایک باشعور اور بااثر ووٹر کے طور پر معاشرے میں تبدیلی لا سکتی ہیں۔طلعت زاہد نے مزید کہا کہ ملک میں خواتین کی آبادی کا تناسب مردوں سے زیادہ ہے،
اور اگر خواتین اپنی انتخابی طاقت کو مثبت انداز میں بروئے کار لائیں تو ایک مضبوط عوامی اور نمائندہ حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کو اپنے قانونی شناختی کارڈ کی اہمیت کو سمجھنا ضروری ہے کیونکہ قانونی شناخت کے بغیر نہ صرف رائے دہی کا حق ضائع ہو جاتا ہے، بلکہ سماجی ترقی اور حکومتی سہولتوں تک رسائی بھی محدود ہو جاتی ہے۔سیمینار میں شریک دیگر شرکانے بھی خطاب کیا اور کہا کہ خواتین نہ صرف اپنے مستقبل بلکہ آنے والی نسلوں کے بہتر کل کے لیے بھی بہتر قیادت چننے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے دیہی علاقوں کی خواتین کو جمہوری عمل میں بھرپور طریقے سے شامل ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔سیمینار میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس آگاہی سیشن کو بے حد سراہا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف خود شناختی کارڈ اور ووٹ کے حق کو استعمال کریں گی بلکہ دیگر خواتین کو بھی اس بارے میں شعور دیں گی۔
