کراچی :صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرہ فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے صوبہ بھر میں سرویکل کینسر سے بچائو کی ویکسین ایچ پی وی کی 12روزہ مہم شروع کی گئی ہے جو 15سے 27ستمبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں کراچی پریس کلب میں صحافیوں اور اراکین پریس کلب کی بچیوں کی ویکسینیشن کے لئے ای پی آئی کی جانب سے منعقدہ دو روزہ کیمپ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران صوبہ بھر میں 9 سال سے 14 برس تک عمر کی 41لاکھ بچیوں کو مفت ٹیکے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 5دنوں سے جاری مہم کے دوران اس وقت تک 6لاکھ سے زیادہ بچیوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں جبکہ امید ہے کہ اس سلسلے میں مقرر ہدف حاصل کیا جائے گا۔ وزیر صحت نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سوشل میڈیا پر ویکسین کے حوالے سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف حکومت سندھ نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت شکایت بھی درج کرائی ہے تاکہ اس مہم کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈاکٹر عذرہ نے کہا کہ اس ویکسین کا مقصد ملک بھر میں بچیوں کو سرویکل کینسر جیسے موذی مرض سے نجات دلانا ہے کیوں کہ ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال پاکستان میں 5ہزار سے زائد خواتین اس قسم کے کینسر میں مبتلا ہو جاتی ہیں جبکہ ان میں سے 3 ہزار خواتین زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اپنی بچیوں کو مفت ویکسین لگوائیں اور منفی پروپیگنڈہ پر توجہ نہ دیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ یہاں پر موجود خواتین کے امراض کی معالج ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز نے اپنی بچیوں کو بھی ویکسین کروائی ہیں اور ملک کی تمام بچیاں ہماری اپنی اولاد کی طرح ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈہ کے خلاف عوام میں بیداری پیدا کریں تا کہ ہم اپنی بچیوں کو سرویکل کینسر سے محفوظ رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے پہلے 5 دنوں میں 6 لاکھ سے زائد بچیوں کو ویکسین کردی گئی ہے جو مقررہ ہدف کا 50 فیصد سے زیادہ ہے جو خوش آئندہ بات ہے۔اس موقع پر پرفیسر ڈاکٹر حلیمہ یاسمین، ڈاکٹر نگہت شاہ، ڈاکٹر فرحت قمر اور ڈاکٹر خالد شفیع نے اس مہم کے حوالے سے واضح کیا کہ اس کا مقصد بچیوں کے مستقبل کو سرویکل کینسر سے محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین کے اضافہ سے اب ای پی آئی کے پروگرام میں کل 13 ویکسین ہو گئے ہیں جو کہ بچوں کو مفت لگائی جائیں گی۔
بعد ازاں وزیر صحت کی موجودگی میں صحافیوں کی بچیوں کی ویکسینیشن کی گئی۔ ای پی آئی اور یونیسیف کے ذمہ داران کے مطابق ایچ پی وی ویکسینیشن مہم میں جمعرات تک سندھ بھر میں 6 لاکھ بچیوں کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے۔
سندھ، پنجاب، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر میں 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک 9 سے 14 سال عمر کی بچیوں کو ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) سے بچائو کی ویکسین کی مہم جاری ہے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں 4.1 ملین بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچائوکی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ، ایکسپینڈیڈ پروگرام فار امیونائزیشن (ای پی آئی)، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اور دیگر اداروں کی شراکت سے بچیوں کو مفت ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔
