اسلام آباد :وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نےکہا ہے کہ ایچ پی وی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے، منفی پروپیگنڈا ہمیں اپنی ذمہ داری سے نہیں روک سکتا، والدین اپنی بچیوں کو لازمی ویکسین لگوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی ادارہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی قیادت میں اور گاوی ویکسین الائنس کے تعاون سے ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتےہوئے کیا۔
اس سیمینار کا مقصد نوعمر بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔سیمینار میں اراکین پارلیمنٹ ڈاکٹر شازیہ سومرو، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، شہلا رضا اور فرح ناز اکبر ،صحت کے ماہرین اور شراکت داروں نے شرکت کی جبکہ آسیہ تنولی اور کرن بلوچ نے بھی آن لائن شمولیت اختیار کی۔ معزز شرکا میں ڈاکٹر خرم شہزاد (ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ایف ڈی آئی)، ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول (ڈی ایچ او اسلام آباد)، ہما خاور (مینین ڈینیئلز) اور ڈاکٹر روزینہ خالد (ڈبلیو ایچ او) شامل تھیں۔
ڈوپاسی فاؤنڈیشن کی سی ای اومحترمہ کنزُالایمان نے ادارے کی وسیع سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، جن میں کمیونٹی آگاہی، وکالت، صحت فراہم کرنے والوں کی تیاری، سکولوں و ہسپتالوں میں آگاہی سیشنز اور میڈیا و پوڈکاسٹ مہمات شامل ہیں۔ ان اقدامات کو وفاقی وزیر اور ارکان پارلیمنٹ نے سراہا۔ انہوں نے اس سنگ میل کو ممکن بنانے ، پاکستان میں ایچ پی وی ویکسین کو متعارف کرانے اور اس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کیا۔

