اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ٹیلی ویژن میں قائم کردہ انگریزی چینل ’’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل ‘‘کا افتتاح کردیا۔بدھ کووزیراعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے قیام کی تختی کی نقاب کشائی کی اور ڈیجیٹل چینل کی باقاعدہ نشریات کے آغاز کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاللہ تارڑ اوروفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان سمیت اعلی ٰحکام بھی موجود تھے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے نئے قائم کردہ ٹی وی چینل کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والے نوجوانوں سے بات چیت کی۔
وزیر اعظم نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی بیانیے کی جنگ میں ا ن کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل چینل کے آغاز کا بنیادی مقصد مسلسل حقیقی خبریں فراہم کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں ہونے والی غلط بیانی اور پروپیگنڈے کا موثر جواب دینا ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کی نشریات کے لیے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیر اعظم کو پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا ۔

