اکادمی ادبیات پاکستان میں تفسیر مطالب القرآن کی تقریبِ رونمائی
اکادمی ادبیات پاکستان اسلام آباد میں معروف محقق، دانشور اور مصنف ڈاکٹر حبیب اللہ چشتی کی تصنیف "تفسیر مطالب القرآن”کی تقریبِ رونمائی ہوئی۔ تقریب میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، مشائخ عظام، دینی اسکالرز اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ڈاکٹر حبیب اللہ چشتی، جو اسلام آباد ماڈل پوسٹ گریجویٹ کالج ایچ ایٹ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں، ساٹھ سے زائد کتب کے مصنف ہیں۔ مقررین نے اس تفسیر کی علمی، فکری اور دینی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے عصرِ حاضر میں فہمِ قرآن کے فروغ کے لیے ایک اہم علمی خدمت قرار دیا۔ انہوں نے ڈاکٹر چشتی کی علمی و تحقیقی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس کتاب کو طلبہ، علماء اور عام قارئین کے لیے قیمتی سرمایہ قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی گئی۔
