سعودی عرب میں فریضۂ حج 2026 کا آغاز ہوگیا، دنیا بھر سے آنے والے 15 لاکھ سے زائد غیرملکی عازمین حج مقدس عبادات کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔۔ عازمین آج منیٰ میں نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کریں گے ۔ آج حج کا پہلا دن ہے جسے ”یوم الترویہ“ کہا جاتا ہے، جہاں حاجی لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے خیموں میں قیام کر رہے ہیں۔کل 9 ذی الحجہ کو نماز فجر کے بعد میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں حج کا سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ ادا کیا جائے گا۔
سعودی حکومت کی جانب سے حج انتظامات کو مؤثر اور محفوظ بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی، بجلی، پانی، طبی سہولیات اور گرمی سے بچاؤ کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔منیٰ، عرفات اور دیگر مقدس مقامات پر جدید کولنگ سسٹم، پانی کی پھوار دینے والے پنکھے، شیڈ اسٹرکچر اور سائبان نصب کیے گئے ہیں تاکہ شدید گرمی میں حجاج کو سہولت فراہم کی جا سکے۔میدان عرفات اور مسجد نمرہ کے اطراف ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے شجر کاری کے منصوبے بھی مکمل کیے گئے ہیں جبکہ پیدل چلنے والے حجاج کی آسانی کے لیے سہولیات کے ساتھ راستے تیار کیے گئے ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد حجاج کو محفوظ، آرام دہ اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے
