روس نے اتوار کے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف اور اس کے ارد گرد کے علاقوں پر سیکڑوں ڈرونز اور میزائلوں سے اب تک کا سب سے بڑا اور ہولناک حملہ کیا ہے، جس نے چار سال سے جاری اس جنگ کی ہولناکی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس حملے کی سب سے بڑی اور خطرناک بات یہ تھی کہ روس نے کیف کے قریب پہلی بار ’اوریشنک‘ نامی ایک انتہائی جدید ہائپر سونک میزائل داغا ہے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یوکرینی حکام کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی اس بمباری کے نتیجے میں کیف اور اس کے قریبی علاقوں میں چار افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکوں کی وجہ سے کیف کے وسط میں واقع درجنوں رہائشی عمارتیں اور کئی اسکول تباہ ہو گئے جبکہ یوکرین کے جنوبی علاقے خیرسون میں بھی میزائل لگنے سے دو افراد کی موت ہوئی ہے۔
