حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے، جس کے تحت پیٹرول 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اس سے قبل پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 393 روپے 35 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 380 روپے 19 پیسے تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر لیوی 103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 112 روپے 14 پیسے فی لیٹر کردی گئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 28 روپے 69 پیسے سے بڑھاکر 37 روپے 33 پیسے فی لیٹر کردی گئی اور ہائی آکٹین پر لیوی 305 روپے 37 سے بڑھا کر 307 روپے 52 پیسے فی لیٹر کردی گئی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کل یکم مئی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان آج ہی کیا گیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے جب کہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں
