پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، اس حوالے سے اوگرا نے سمری تیار کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا امکان ہے، جس میں عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
عالمی مارکیٹ کے تناظر میں ابتدائی ورکنگ تیار کرلی گئی ہے جس کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 70 پیسے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پٹرول 3 روپے 70 پیسے اور ڈیزل 4 روپے 28 پیسے فی لٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح مٹی کا تیل 73 پیسے، لائٹ ڈیزل 6 روپے 35 پیسے فی لٹر تک سستا ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کل پٹرولیم مصنوعات کی ورکنگ پٹرولیم ڈویڑن کو ارسال کرے گا، جس کے بعد پٹرولیم ڈویڑن اور وزارتِ خزانہ تفصیلی غور و خوض کے بعد اپنی سفارشات وزیراعظم کو بھجوائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی ورکنگ 30 نومبر کو بھیجی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف قیمتوں میں کمی کی حتمی منظوری دیں گے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارتِ خزانہ نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ 15 روز کے لیے کیا جائے گا۔
