وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے لیوی کی مد میں کمی کا اعلان کر دیا اور پیٹرول کی نئی قیمت فی لیٹر 378 روپے مقرر کردی جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ خلیج میں جنگ کے باعث پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں اور تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور یہ ایسی تلخ حقیقت ہے کہ غریب کا چولھا مدھم ہو رہا ہے، کسان کے لیے بے پناہ مشکلات پیدا ہوچکی ہیں اورعام آدمی کے لیے نئے چیلنجز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اللہ کے فضل و کرم اور آپ کی دعاؤں سے حتی المقدور کوشش کی کہ عوامی بہبود اورعوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے محدود قومی وسائل آپ کی مشکلات کم کرنے کے لیے صرف کیا جائے اور ایک،ایک پیسے کی بچت سے آپ کو اس مہنگائی کے طوفان سے بچایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اور مہنگائی جس نے دنیا کی طاقت ور معیشتوں کی بھی کمر توڑ دی ہے یقیناً پاکستان بھی اس سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اسی لیے پچھلے تین ہفتوں میں عوام پر ہر روز تیل کی قیمتوں میں اضافےکا بوجھ ڈالنا میں نے قطعاً مناسب نہیں سمجھا
