38.4 C
Islamabad

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی وی کی سالانہ آمدن سے پانچ فیصد وصول کرنے کے پیمرا کے نوٹیفکیشن کیخلاف فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹی وی چینلز سے اشتہارات کی مد میں سالانہ آمدنی کا پانچ فیصد بطور محصول وصول کرنے کے پیمرا نوٹسز کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن ( پی بی اے ) اور آٹھ نجی ٹی وی چینلز کی درخواستوں پر کی ۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور پیمرا کے نوٹسز کو چیلنج کیا ۔ وکیل پی بی اے نے عدالت کو بتایا کہ پیمرا نے گزشتہ 13 برسوں کے دوران اشتہارات کی آمدنی پر مبنی تقریباً دو ارب روپے کی رقم جمع کرانے کے لیے ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کیے ہیں حالانکہ چینلز کو سالوں قبل لائسنس جاری کیے گئے تھے اور اس عرصے میں کبھی بھی مجموعی اشتہاراتی آمدن کا پانچ فیصد ادا کرنے کا تقاضا نہیں کیا گیا ۔ دلائل دیتے ہوئے کہا گیا کہ پیمرا یہ مطالبہ پیمرا رولز 2009 کے شیڈول بی کی بنیاد پر کر رہا ہے تاہم پیمرا کے پاس کسی بھی قسم کا ٹیکس یا محصول عائد کرنے کا قانونی اختیار موجود نہیں ۔ وکیل کے مطابق پیمرا پہلے ہی ٹی وی چینلز سے سالانہ لائسنس فیس الگ سے وصول کرتا ہے ، اس کے باوجود اشتہاراتی آمدنی پر اضافی پانچ فیصد چارجز غیر قانونی ہیں۔ فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پیمرا کے ڈیمانڈ نوٹسز کے تحت اربوں روپے کی رقم بنتی ہے جو کسی بھی چینل کے لئے ادا کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر اتنی رقم ادا کرنی پڑی تو بہتر ہے کہ چینلز ہی سرکاری تحویل میں لے لیے جائیں ۔ دوسری جانب پیمرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹی وی چینلز نے آج تک اشتہارات کی سالانہ آمدنی کا پانچ فیصد پیمرا کو ادا نہیں کیا ، جس کے باعث واجب الادا رقم اربوں روپے تک پہنچ چکی ہے ۔ عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد پی بی اے اور ٹی وی چینلز کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور متعلقہ ٹی وی چینلز نے سال 2022 میں پیمرا کے ڈیمانڈ نوٹسز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے اشتہارات کی سالانہ آمدن پر پانچ فیصد محصول کی وصولی کے نوٹسز پر حکمِ امتناع جاری کر رکھا تھا۔

مزیداسی طرح کی
Related

پاکستان نے ایران کو دوحہ مذاکرات کے لیے پھر قائل کرلیا

پاکستان نے اپنی بہترین سفارت کاری کی بدولت ایک...

امریکی کانگریس میں اسرائیل کی 3.3ارب کی فوجی امداد روکنے کی تجویز

واشنگٹن: امریکی کانگریس میں اسرائیل کو دی جانے والی سالانہ...

پاک افغان سرحدپر سکیورٹی فورسز کی کارروائی 29 دہشتگرد ہلاک

ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکیورٹی...

تازہ ترین