ترکیہ میں پیش آئے فضائی حادثے میں لیبیا کے فوجی سربراہ سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
یہ طیارہ گذشتہ روزکو ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے لیبیا کے شہر طرابلس کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اس میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق طیارے نے پرواز کے تقریباً تیس منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کھو دیا، جس پر تشویش پیدا ہوگئی۔
رابطہ منقطع ہونے کے بعد طیارے کے عملے نے احتیاطی تدبیر کے طور پر دوبارہ انقرہ واپس آنے کی کوشش کی، تاہم لینڈنگ سے قبل ہی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔
حادثے کے وقت طیارے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف سمیت کل پانچ افراد سوار تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، مگر بدقسمتی سے طیارے میں سوار تمام افراد جانبر نہ ہو سکے۔
لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے لیبیا کے فوجی سربراہ کے جاں بحق ہونے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ترکیہ اور لیبیا کے متعلقہ حکام کی جانب سے حادثے کی تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ہے تاکہ طیارے میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
