اسلام آباد: کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے تقریب کے دوران تقسیمِ کھجور پروگرام پاکستان 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ یہ منصوبہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف سعید بن المالکی کی جانب سے باضابطہ طور پر شروع کیا گیا ہے جس میں مہمانِ خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن (ر)شاہین خالد بٹ سمیت مختلف سرکاری اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس منصوبے کے تحت کنگ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان بیت المال کے تعاون سے پاکستان کے تمام صوبوں جن میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں ،میں اعلیٰ معیار کی سعودی کھجوریں تقسیم کرے گا۔اس منصوبے کا مقصد ہزاروں مستحق اور کمزور خاندانوں بالخصوص حالیہ سیلاب اور معاشی مشکلات سے متاثرہ خاندانوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈائریکٹرز عبداللہ البقامی، تراد المجیل اور پاکستان بیت المال کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستان بیت المال کے ڈائریکٹر جنرل (پراجیکٹس) پروفیسر ڈاکٹر ذیشان دانش نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ یہ منصوبہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہری دوستی، بھائی چارے اور انسانی ہمدردی کے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، تقسیمِ کھجور پروگرام 2025 پاکستان میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جاری انسانی فلاحی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے، یہ غذائی تحفظ، صحت، تعلیم، پانی و صفائی اور روزگار کے مواقع سے متعلق متعدد منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے جو انسانیت کی خدمت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لئے مملکت کی وابستگی کی علامت ہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن (ر)شاہین خالد بٹ نے مملکتِ سعودی عرب اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ تعاون اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال، کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ساتھ مل کر اس امدادی منصوبے کو ملک بھر کے مستحق خاندانوں تک پہنچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔


