اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں فائر سیفٹی انتظامات کی سنگین خامیوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں 50 فیصد سے زائد ہائی رائز عمارتوں میں ضروری فائر سیفٹی آلات موجود نہیں۔ ذرائع کے مطابق کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں ابتدائی طور پر 15 میٹر سے زیادہ اونچائی والی عمارتوں کا سروے کیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ دارالحکومت میں تقریباً 500 سے زائد ہائی رائز بلڈنگز موجود ہیں۔
سروے میں معلوم ہوا ہے کہ کئی سرکاری اور نجی عمارتوں میں فائر الارم، فائر ایکسٹنگشر اور فائر ہوزریل جیسی بنیادی حفاظتی سہولیات نا مکمل یا غیر فعال ہیں جبکہ متعدد بلڈنگز میں بلڈنگ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی بھی دیکھنے میں آئی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریڈ زون سمیت مختلف علاقوں میں بھی فائر سیفٹی کے معیاری آلات کی شدید کمی پائی گئی، خاص طور پر فیڈرل سیکرٹریٹ کے متعدد بلاکس میں فائر الارم اور آگ بجھانے کے دیگر آلات کم یا غائب ہیں۔ اسی طرح کراچی کمپنی کے ہائی رائز بلڈنگز میں بھی فائر سیفٹی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایف‑11، ایف‑10، جی‑13، جی‑14 اور گولڑہ موڑ جیسے سیکٹرز میں بھی فائر سیفٹی کے مناسب انتظامات مؤثر نہیں، جب کہ صرف بلیو ایریا کی چند بلند عمارتوں میں تسلی بخش حفاظتی اقدامات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے کا شعبہ بلڈنگ کنٹرول سیکشن اسلام آباد میں تمام ہائی رائز عمارتوں میں فائر سیفٹی چیک کرانے کا ذمہ دار ہے، جس کی جانب سے مزید سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
